پاکستان کے معروف اداکار علی رحمان عالمی وبا میں مبتلا، ٹیسٹ مثبت آ گیا

10:54 AM, 7 Jan, 2021

لاہور: پاکستانی ڈراموں سے شہرت پانے والے معروف اداکار علی رحمان بھی عالمی وبا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے خود کو آئسولیٹ کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے التماس کی ہے کہ وہ ان کی صحت یابی کیلئے دعا کریں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹٓاگرام کے ذریعے علی رحمان نے اپنی بیماری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں عالمی وبا کے بعد انتہائی محتاط رہا اور اس سے بچنے کیلئے تمام تدابیر اختیار کیں لیکن اس کے باوجود میں عالمی وبا میں مبتلا ہو چکا ہوں، میرا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔

علی رحمان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں جن افراد سے گزشتہ دنوں رابطے میں رہا، ان سب کو اپنی بیماری بارے بتا چکا ہوں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عالمی وبا سے بچنے کیلئے جس حد تک ہو سکے احتیاط برتیں، اپنی اور دوسروں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے ماسک کا استعمال لازمی کریں، سماجی فاصلہ رکھیں اور حفظان صحت کیلئے اپنے ہاتھوں کو بار بار دھوئیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے دیگر فنکار بھی اس عالمی وبا میں مبتلا ہو کر اس سے چھٹکارا حاصل کر چکے ہیں۔ ان فنکاروں میں صنم جنگ، ماہرہ خان، نیلم منیر اور دیگر کے نام قابل ذکر ہیں۔

عالمی وبا کے پاکستان میں جاری پھیلاؤ پر بات کی جائے تو آج اس مہلک مرض میں مبتلا ہو کر مزید 50 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ طبی حکام کی جانب سے عوام سے بار بار اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اس مرض سے خود کو اور اپنے اردگرد موجود لوگوں کو بچا سکتے ہیں، اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ ماسک کے استعمال کو لازمی اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔

مزیدخبریں