آرمی ایکٹ بل 2020 سینیٹ میں پیش کر دیئے گئے

04:21 PM, 7 Jan, 2020

اسلام آباد:  پاک آرمی ترمیمی ایکٹ بل 2020 سینیٹ میں بھی پیش کر دیئے گئے، چیئرمین سینیٹ نے تینوں بل قائمہ کمیٹی دفاع کو بھجوا دیئے، سینیٹ کا اجلاس کل سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ،  قومی اسمبلی نے آرمی، فضائیہ اور نیوی ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا، ایوان میں کارروائی کے آغاز پر دفاع کے لیے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نے آرمی، نیوی ، ایئر فورس سے متعلق ترمیمی بل پیش کیے۔ وزیرِ دفاع کی درخواست پر پیپلز پارٹی نے ترامیم سے متعلق اپنی سفارشات واپس لے لیں۔

وزیرِ دفاع نے سروسز ایکٹ ترمیمی بل ایوان میں پیش کرنے کی تحریک پیش کی۔ ایوان نے رائے شماری کے بعد سروسز ایکٹ ترمیمی بل ایوان پیش کرنے کی تحریک منظور کی۔ آرمی، نیوی اور ایئر فورس سے متعلق ترمیمی بل کی شق وار منظوری عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی ایوان میں موجود تھے۔

جے یو آئی ف اور جماعت اسلامی کے اراکین بل پیش ہوتے ہی ایوان سے باہر چلے گئے۔ انہوں نے کارروائی میں حصہ نہیں لیا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون نے بل کی حمایت کی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سروسز ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کے بعد بدھ کی شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

مزیدخبریں