منی لانڈرنگ کیس، زرداری، فریال سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کرنیکا فیصلہ

10:59 AM, 7 Jan, 2020

اسلام آباد: احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کے لیے 22 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی۔ عدالت نے تمام ملزمان کو نوٹس جاری کر دیئے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی۔ سابق صدر کی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔ دوران سماعت آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کا کراچی میں علاج جاری ہے اور انہیں متعدد امراض لاحق ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ پارک لین ریفرنس میں آئندہ سماعت پر فرد جرم پر عائد کی جائے گی، تمام ملزمان حاضری یقینی بنائیں۔ عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ضمنی ریفرنس میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی، نمر مجید، یونس قدوائی سمیت دیگر ملزمان کو نوٹس جاری کر دیئے۔

نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ضمنی ریفرنس میں 9 نئے ملزمان کو شامل کیا ہے، 5 ملزمان کا نام فہرست سے نکال دیا۔ عدالت نے پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ ضمنی ریفرنسز کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں