اسلام آباد: نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کا تفصیلی معائنہ شروع کر دیاگیا ہے اور پاور ہاﺅس 2 فروری تک بند رہیگا۔
واپڈا ذرائع کے مطابق نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ اپریل سے اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا ۔ فنی ماہرین الیکٹریکل اور مکینیکل آلات کا تفصیلی معائنہ کرینگے۔
واپڈا ذرائع کے مطابق تفصیلی معائنہ کیلئے ایسے وقت کا انتخاب کیا گیا ہے جب دریا میں پانی کی مقدار بہت کم ہوتی ہے اور اس دوران بجلی بھی کم پیدا ہوسکتی ہے۔ دریائے نیلم میں پانی کی کم آمد کا دورانیہ ستمبر سے مارچ تک رہتا ہے۔ اس لیے منصوبے کے تفصیلی معائنہ کیلئے رواں ماہ کا انتخاب کیا گیا ہے ۔
تفصیلی معائنہ کے دوران تمام متعلقہ آلات کی جانچ پڑتال کی جائیگی ۔ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے پوری صلاحیت کے مطابق بجلی کی پیداوار سے 4ارب 60کروڑ یونٹ سستی بجلی رواں سال قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔