ایران کے مرکزی بینک نے بڑی مالیت کے کرنسی نوٹ ختم کرنے کی تجویز پیش کر دی

12:24 PM, 7 Jan, 2019

تہران: ایران کے مرکزی بینک نے امریکی پابندیوں کے باعث درپیش مالی بحران اور افراط زر پر قابو پانے کے لیے 5 ہزار ریال سے بڑی مالیت کے کرنسی نوٹ ختم کرنے کی تجویز حکومت کو پیش کردی ہے۔

قومی خبر رساں ایجنسی ارنا کے حوالے سے جاری اطلاعات کے مطابق ایران کے مرکزی بینک نے حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں ریال کی حد درجہ گرتی شرح تبادلہ اور اس کے نتیجے میں مالی بحران سے نمٹنے کے لیے 10 ہزار، 20 ہزار، 50 ہزار اور 1 لاکھ ریال مالیت کے کرنسی نوٹ ختم کردیے جائیں۔

بینک کا کہنا ہے کہ 2018 ءکے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی شرح تبادلہ میں 60 فیصد تک کمی ہوئی جس کے نتیجے میں اشیاءکی قیمتیں انتہائی بلندی پر پہنچ گئی ہیں۔

یاد رہے کہ ایران کے امریکہ اور یورپی ملکوں کے ساتھ جوہری پروگرام کے حوالے سے 2015ءمیں طے پانے والے معاہدے کے بعد اس میں رخنہ اس وقت آیا جب 2017 ءمیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے سے نکلنے اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔گزشتہ روز ایرانی ریال کی ڈالر کے مقابلے میں شرح تبادلہ 1 لاکھ 10 ہزار ریال فی ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

مزیدخبریں