بنگلور: بنگلور میں ایک خاتون سے بدتہذیبی کے واقعے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بالی و وڈ اسٹار انوشکا شرما نے اسکی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے جذباتی ٹوئٹر پیغام میں بالی و وڈ اسٹار انوشکا نے معاشرے کے کردار پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ خواتین سے بدتہذیبی کے مظاہرے کے دوران ہجوم کی جانب سے مزاحمت یا مدد نہیں فراہم کی گئی۔
انوشکا نے مزید شکوہ کیا کہ عقل سے ماورا افراد اس طرز کے واقعات پر تبصرے کرتے ہیں اور اس میں خواتین کے رات دیر تک باہر رہنے کو موردالزام ٹھراتے ہیں۔
انوشکا نے اپنے پیغام میں یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیوں واقعے کے موقعے پر موجود دیگر افراد خاموش رہے اور مزاحمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ خاموش تماشائی بھی ملزمان کے ساتھ اتنے ہی قصور وار ہیں کیونکہ مشترکہ طور پر لوگ اس طرز کے واقعے کو رونما ہونے سے روک سکتے تھے۔اپنے بیان میں انوشکا نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ والدین کو اپنے بچوں کو خواتین کی عزت کرنا سکھانی چاہیئے اور نہ کہ یہ محسوس کروانا چاہیئے کہ ان کے بچے کتنے اہمیت کے حامل ہیں۔
بنگلور میں ایک نوجوان لڑکی سے رات میں چار نوجوانوں نے بدتہذہبی کا مظاہرہ کیا تھا اور بعدازاں وہ موقعے سے فرار ہوگئے تھے جس کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ہندوستان میں عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔دوسری جانب پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دو تاحال روپوش ہیں جنکی تلاش جاری ہے۔