امریکہ کا اپنے 2ایٹمی پلانٹس کو بند کرنے کا فیصلہ

01:59 PM, 7 Jan, 2017

نیوویب ڈیسک

نیویارک کے جنوبی حصے میں واقع 2ایٹمی پلانٹس کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ان پلانٹس کو2021 تک بند کردیا جائے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے جنوبی حصے میں واقع انڈین پوائنٹ نیوکلیئر پلانٹس کے دونوں یونٹس بند کردیے جائیں گے۔اس سلسلے میں نیویارک انتظامیہ اور کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے کے تحت کمپنی ایک پلانٹ اپریل2020 تک، جبکہ دوسرے پلانٹ کو اپریل2021 تک بند کردیا جائے گا۔

نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو پہلے بھی ان پلانٹس کو بند کرنے کی مہم چلا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پلانٹس نیویارک شہر سے صرف تیل میل کے فاصلے پر ہیں، جس کی وجہ سے شہر کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔ان پلانٹس کے ذریعے 2000میگاوٹس بجلی حاصل کی جاتی ہے، جو نیویارک کو فراہم کی جانے بجلی کا ایک چوتھائی بنتا ہے، تاہم ان پلانٹس کے بند ہونے کی صورت میں متبادل کے طور پر ہائیڈرو پاور پلانٹس سے بجلی فراہم کی جائے گی۔

مزیدخبریں