چیمپئنز ٹرافی کے لیے بڑا اقدام، لاہور میں جدید قذافی اسٹیڈیم تیار

07:48 PM, 7 Feb, 2025

لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور ذکا اشرف سمیت قومی کرکٹرز اور اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے تقریباً چار ماہ قبل اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، اور اب اسے جدید طرز پر مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2500 مزدوروں نے دن رات محنت کر کے اسٹیڈیم کو 177 دن میں مکمل کیا، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیم کی تعمیر ایک مشکل ہدف تھا، تاہم ایف ڈبلیو او اور پاکستان آرمی کی مدد سے اس ناممکن کام کو ممکن بنایا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 30 سال بعد پاکستان میں ہونے والا یہ بڑا ٹورنامنٹ کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔

چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے کراچی میں شروع ہوگی، جس کے چند میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی ہوں گے۔ بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث پاکستان اور بھارت کے تمام میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں ہوگا، جب کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا، تاہم اگر بھارت فائنل میں پہنچا تو میچ پاکستان کے بجائے یو اے ای میں ہوگا۔
 

مزیدخبریں