اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم سے متعلق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر عائد اعتراضات ختم کر دیے۔
پانچ رکنی آئینی بینچ کی سربراہی جسٹس امین الدین کر رہے تھے، انہوں نے رجسٹرار آفس کو درخواست کو باضابطہ نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت کی۔ دوران سماعت عدالت نے سوال کیا کہ یہ معاملہ پہلے ہائیکورٹ میں کیوں نہیں اٹھایا گیا؟ عمران خان کے وکیل نے جواب دیا کہ ان ترامیم سے عوامی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آرٹیکل 184 تھری کے تحت براہ راست درخواستیں سننا آئین کی روح کے خلاف ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے آرٹیکل 199 غیرمؤثر ہو جائے گا۔ بلآخر عدالت نے اس کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔