اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری چین کے دورے پر ہاربن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج 9ویں ونٹر ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر صدر زرداری مختلف ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں دی جانے والی ظہرانے میں بھی شریک ہوں گے۔
پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے اور دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ تعلقات کو خراب کرنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی، سی پیک کی ترقی میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر زور دیا۔
ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کو اپ گریڈ کر کے اسے جدید ترقیاتی راہداری بنایا جائے گا اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ پاکستان اور چین نے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ صدر زرداری نے اپنے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
قبل ازیں، صدر مملکت آصف علی زرداری کی چین کے وزیر اعظم لی چیانگ سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں صدر زرداری نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے لئے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا اور قابل تجدید توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔