لاہور : آج اردو ادب کے ممتاز شاعر و ادیب صوفی غلام مصطفیٰ تبسم کی 47ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ وہ 4 اگست 1899ء کو امرتسر میں پیدا ہوئے اور 7 فروری 1978ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔
صوفی غلام مصطفیٰ تبسم کا شمار اردو ادب کے اہم ترین شخصیات میں ہوتا ہے، خصوصاً بچوں کے ادب میں ان کی تخلیقات نے زبردست مقبولیت حاصل کی ۔ صوفی غلام مصطفیٰ تبسم کا تخلیق کردہ کردار "ٹوٹ بٹوٹ" آج بھی بچوں کے ذہنوں میں تازہ ہے، اور ان کی نظموں نے بچوں کو علم و عمل کی طرف راغب کیا۔ انہوں نے بچوں کو نہ صرف تفریح فراہم کی بلکہ ان کی تربیت بھی کی۔
صوفی غلام مصطفیٰ تبسم نے اعلیٰ تعلیم کے بعد تدریس کے شعبے میں قدم رکھا اور لاہور کے تعلیمی اداروں سے وابستہ رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر، "لیل و نہار" کے مدیر اور کئی دیگر اداروں میں اہم عہدوں پر فائز ہوئے۔
ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سے نوازا، جبکہ ایرانی حکومت نے بھی انہیں نشان سپاس عطا کیا۔