شادی کے 12 سال بعد ایشا دیول کی شوہر سے علیحدگی، ہیما مالنی کا بھی  میڈیا کو جواب دینے سے گریز 

05:17 PM, 7 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

ممبئی : بالی وڈ کی اداکارہ ایشا دیول کی اپنے شوہر سے 12 برس بعد علیحدگی  ہوگئی۔  اس بارے میں اداکارہ ہیما مالنی نے بھی میڈیا کو جواب دینے سے گریز کیا۔ بالی وڈ کی ڈریم گرل ہیما مالینی کی صاحبزادی اداکارہ ایشا دیول اور ان کے شوہر بھرت تختانی نے شادی کے 12 سال علیحدگی کی تصدیق کی ہے۔ 

گزشتہ چند ہفتوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ایشا دیول اور ان کے شوہر بھرت تختانی کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے۔ تاہم اب ایشا دیول اور ان کے شوہر نے اپنی علیحدگی کے حوالے سے مشترکہ بیان جاری کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایشا دیول اور بزنس مین بھرت تختانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم نے باہمی طور پر الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ہماری زندگیوں میں اس تبدیلی کے بعد، ہمارے لیے سب سے اہم اور اولین ترجیح ہمارے دونوں بچوں کی تربیت ہوگی۔

ایشا دیول اور بھرت تختانی نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم آپ کے شکرگزار ہوں گے اگر آپ ہماری پرائیوسی کا خیال رکھیں گے۔اس جوڑی نے اپنے مشترکہ بیان میں اپنی علیحدگی کی وجہ بیان نہیں کی جبکہ ہیما مالنی نے بھی بیٹی اور داماد کی علیحدگی پر میڈیا کو جواب دینے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ ایشا دیول نے سال 2012 میں بھرت تختانی سے شادی کی تھی، اس جوڑی کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش سال 2017 میں ہوئی تھی جبکہ دوسری بیٹی کی پیدائش 2019 میں ہوئی تھی۔

مزیدخبریں