لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءاور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد خان بھٹی کی اہلیہ کوثر پروین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)، اینٹی کرپشن اور پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ محمد خان بھٹی پرنسپل سیکرٹری سمیت اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں، انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ محمد خان بھٹی سے کل شام چھ بجے آخری بار فون پر رابطہ ہوا تھا، انہوں نے بتایا تھا کہ انہیں کچھ نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے جا رہے ہیں۔
محمد خان بھٹی کی اہلیہ نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ ان کے شوہر کو بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
09:11 PM, 7 Feb, 2023