لاہور: مہنگائی کے ستائے عوام کو ایک اور بحران کا سامنا ہے اور پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند ہو گئے ہیں جس کے باعث شہری پریشانی میں مبتلا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں بیشتر پیٹرول پمس بند ہونے کی اطلاعات ہیں اور اکثر پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت بند کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شکر گڑھ، خوشاب، گوجرہ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی چند پیٹرول پمپس کھلے ہیں جبکہ مندرجہ بالا شہروں میں چند کھلے پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جو پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہ موٹرسائیکل والوں کو 200 اور گاڑیوں کو 500 روپے کا پیٹرول فروخت کر رہے ہیں جبکہ پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کی طرف سے پیٹرلیم مصنوعات کی ترسیل کم ہو رہی ہے۔