ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءشاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ کسی صورت الیکشن کو شفاف نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کے عوام کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے اور پنجاب میں من پسند تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، اس سے اندازہ لگا لیں یہ کس طرح کا الیکشن کرانا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضمنی انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے اور پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ الیکشن اپنی ذات کیلئے نہیں جماعت کیلئے لڑ رہا ہوں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جو تاریخ دی تھی اس پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے آیا، کل رات اچانک مراسلہ جاری کیا جاتا ہے ریٹرننگ آفیسر (آر او) کو تبدیل کر دیا گیا ہے حالانکہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوجائے تو آر او تبدیل نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران سیٹ اپ کسی صورت الیکشن کو شفاف نہیں ہونے دیں گے ، پاکستان کے عوام کے ساتھ مذاق کیاجارہا ہے اور پنجاب میں من پسند تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، اس سے اندازہ لگا لیں یہ کس طرح کا الیکشن کرانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، سیاسی استحکام حاصل کرنے میں ناکام ہوئے تو پاکستان کو بڑ انقصان ہو گا اور اگر عوام نے نتائج قبول نہ کئے تو نتائج بے کار ہوجائیں گے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ کہا جارہا ہے الیکشن کمیشن کی ایما پر تبادلے کئے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام دکھائی دیتا ہے اور اب پاکستان کے سول سروس کی آزمائش ہے، سول سروسز میں پڑھے لکھے بچے، بچیاں آتے ہیں، وزیر داخلہ دھمکیاں دے کر ماحول کو آلودہ کر رہے ہیں، آج روایتی سیاست سے ہٹ کر ملکی بقا کی سیاست کا آغاز ہو رہا ہے۔
نگران سیٹ اپ کسی صورت الیکشن شفاف نہیں ہونے دیں گے: شاہ محمود قریشی
05:41 PM, 7 Feb, 2023