خالد منصور نے سی پیک منصوبوں کی تکمیل میں سست روی کے تاثر کو غلط قرار دیدیا

12:42 PM, 7 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی خالد منصور نے سی پیک منصوبوں کی تکمیل میں سست روی کے تاثر کو غلط قرار دے دیا ، کہتے ہیں سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔

اپنے بیان میں خالد منصور نے کہا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کیلئے ای سی سی نے 100 ملین کی منظوری دی ، 50 ملین دے دیا گیا ، باقی 50 ملین رواں ماہ دے دیا جائے گا ۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سی پیک کے پاکستان کی معیشت پر زبردست اثرات مرتب ہوں گے ، پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی اور مثالی ہیں اسلیے معاشی سطح پر چین اور پاکستان کے درمیان وسیع تعاون جاری ہے ۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جو ہر موسم کی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری پر مبنی ہیں ۔ دونوں ممالک کی دوستی کی ایک طویل تاریخ ہے اور دونوں ان تعلقات میں مسلسل بہتری لارہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ چین کا دنیا کے ساتھ رابطہ پاکستان کے ذریعے قائم ہوا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین مسلسل دنیا میں امن کی بات کر رہے ہیں اور پائیدار امن پر زور دے رہے ہیں ، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کی کوششیں اس کا ثبوت ہیں ۔

آئرن برادرز کے درمیان تعلقات کی طویل تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک ون بیلٹ اینڈ ون روڈ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ میں مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں ۔

مزیدخبریں