لاہور: ن لیگ کے سینئر رہنما و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزارت عظمیٰ کی نشست پر ایک نااہل شخص بیٹھا ہے ۔ جو شخص اپنی پارٹی کو اکٹھا نہیں رکھ سکتا وہ ملک کو اکٹھا کیسے رکھے گا ، یہ شخص اپنی انا کو ملکی مفاد پر ترجیح دیتا ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے ۔ موجودہ حکومت نے اسٹیٹ بینک کو بھی گروی رکھ دیا ہے ۔ کہتا تھا خود کشی کرو لوں گا مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شخص بھول جاتا ہے گھر والے یاد دلاتے ہیں آپ وزیراعظم ہیں ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہم قرض لینے کے مخالف نہیں ، مگر قرض وقت پر لینا ہی درست ہوتا ہے ۔ نااہل نے خود تسلیم کیا کہ آئی ایم ایف کے پاس تاخیر سے گئے ۔ وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھے شخص کو ہر بات 6 ماہ بعد یاد آتی ہے ۔ نالائق نے قوم سے 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کا جھوٹ بولا ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان مافیا کی دہائی دیتے ہیں لیکن سب سے بڑے مافیا خود ہیں ۔ حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ، حکومت کو اپنی کرتوں کی وجہ سے خوفزدہ ہونا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک موڑ پر کھڑا ہے ۔ ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہیں ۔ مشکل حالات میں معیشت زمین بوس ہے ۔ عمران نیازی سے جتنی جلد ہو جان چھڑائی جائے بہتر ہے ۔
وطن کے لیے قربانی دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ضرب عضب سے دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا ، دہشتگردی کے خاتمے سے کراچی کی رونقیں لوٹ آئی تھیں اور کراچی سے بوری بند لاشیں ملنے کا سلسلہ بند ہو گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قوم کو متحد کرکے دہشتگردی کا خاتمہ کیا ۔