کوئٹہ: بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا کم از کم ایک میچ گوادر میں کھیلا جائے۔
لیاقت شاہوانی کا کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئندہ 3 سال میں بلوچستان کے ہرضلع میں سپورٹس کمپلیکس بنائیں گے۔ انہوں نے کراچی میں پشین کے باکسر کی ہلاکت کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مکس مارشل آرٹس کھلاڑی نے بھارتی کھلاڑی کو ہرا کر کارنامہ انجام دیا۔ احمد مجتبیٰ نے انٹرنیشنل مقابلے میں بلوچستان اور ملک کا نام روشن کیا۔ احمد مجتبیٰ کی کوئٹہ آمد پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔
ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ الیکشن 11 فروری کو ہوں گے۔ سینیٹ الیکشن میں حکومتی جماعتیں پہلے ہی نیک نیتی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں صوبوں کی یکساں نمائندگی ہوتی ہیں۔ دنیا میں سینیٹ انتخابات میں طریقہ کار مختلف ہے۔ پاکستان کے علاوہ کہیں سینیٹ کے ووٹ خریدے نہیں جاتے۔ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ سے ایوان کا تقدس پامال ہوتا ہے۔
لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت اوپن بیلٹ کے تحت سینیٹ الیکشن کرانے کی حمایت کرتی ہے۔ 18 ویں ترمیم کے دوران سینیٹ انتخابات کو اوپن بیلٹ ہو جانا چاہیے لیکن افسوس بد نیتی کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ میاں رضا ربانی نے نواز شریف کو سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز دی تھی۔ اپوزیشن بغض حکومت میں سینیٹ الیکشن کی شفافیت پر رکاوٹ نہ بنیں۔ کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسے پر پہلے ہی کہا تھا کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ اپوزیشن اب انہی جعلی اسمبلیوں سے سینیٹر بنے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹرز کو عزت دیں، سرمایہ داروں کو عزت نہ دیں۔ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں کو نہ بھیج کر سینیٹ کو عزت دیں۔ کارکردگی کی بنیاد پر سینیٹ میں اچھے ووٹ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کیلئےنیب کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے۔