کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ شہری کی مدعیت میں درج کئے گئے مقدمے میں اقدام قتل، سرکاری ملازمین اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات درھج کی گئی ہیں۔
یہ مقدمہ کراچی کے علاقے کورنگی کے رہائشی کی مدعیت میں درج کرایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔ اس مقدمے میں ان کے علاوہ تقریباً 70 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حلیم عادل شیخ کے خاندانی فارم ہاؤسز پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا گیا تھا، اس دوران ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ حلیم عادل شیخ کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر عملے پر پتھراؤ کیا تھا۔
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ آپریشن چیف جسٹس کے حکم پر تجاوزات کیخلاف کیا گیا تھا لیکن حلیم عادل شیخ اس قانونی کارروائی کو ذاتی رنجش قرار دے رہے ہیں۔
ادھر ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے زیر ملکیت زمین کو زرعی اور دیگر مقاصد کیلئے حاصل کیا گیا تھا لیکن اس کی آڑ میں اسے کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کرنا شروع کر دیا گیا تھا۔
ادھر اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی جانب سے جاری بیان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس گلزاد احمد واقعے کا از خود نوٹس لیں۔ ذاتی انتقام کی بنیاد پر میرے خاندانی فارم ہاؤس کو گرا دیا گیا ہے۔