گلگت: دنیا کی سب سے خطرناک چوٹی کے 2 سر کرنے کی کوشش میں لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ اور ان کے ساتھیوں کی تلاش کیلئے آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مشہور پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کے 2 کو موسم سرما میں سر کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن گزشتہ دو دنوں سے ان کا رابطہ منقط ہے۔ اس مہم میں ان کیساتھ دو غیر ملکی بھی گئے ہیں جن کا ابھی تک کوئی پتا نہیں چل سکا ہے۔
ہفتے کے روز پاک فوج کے ہیلی کاپٹر نے علی سدپارہ اور ان کے غیر ملکی ساتھیوں کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کیا تھا جو انتہائی خراب موسم کی وجہ سے بے سود رہا تھا۔ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ریسیکو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ اور ان کے ساتھیوں کو بحفاظت واپس لانے ہر مکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جاری بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ جہاں تک ممکن ہو سکے علی سدپارہ اور ان کے ساتھیوں کی بحفاظت واپسی ممکن بنانے کیلئے تلاش کا عمل جاری رکھنا چاہیے۔