سابق امریکی باکسر لیون سپنکس 67 سال کی عمرمیں انتقال کرگئے

Leon Spinks, ex-heavyweight champ who upset Muhammad Ali, dies at 67
کیپشن: فائل فوٹو

لاس اینجلس: امریکا کے سابق ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن لیون سپنکس 67 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

لیون سپنکس کا شمار دنیائے باکسنگ کے بڑے باکسرز میں ہوتا تھا۔ انہوں نے 1978ء میں لیجنڈ باکسر محمد علی کو شکست دے کر ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ آنجہانی کی عمر 67 سال تھی۔ لیون سپنکس کافی عرصہ سے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے۔

لیون سپنکس کی پیدائش امریکی شپر سینیٹ لیوس میں ہوئی تھی۔ انہوں نے جوانی میں یو ایس میرین میں بھی اپنی خدمات سرانجام دیں جبکہ 1976ء کے اولمپکس میں گولڈ میڈل بھی حاصل کیا تھا۔

سابق کھلاڑی لیون سپنکس کا باکسنگ کیریئر بہت مختصر رہا۔ انہوں نے صرف 8 لڑائیاں لڑیں جن میں سے سب سے مشہور باؤٹ لیجنڈ باکسر محمد علی کیساتھ تھی۔ اس تاریخی مقابلے میں محمد علی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آنجہانی لیون سپنکس کو ساری زندگی معاشی مشکلات کا سامنا رہا۔ وقت گزرنے کیساتھ انھیں بیماریوں نے آ گھیرا۔ 1997ء میں ڈیلی نیویارک کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میں ایک غریب شخص تھا لیکن اچانک میرے پاس بہت کچھ آ گیا جسے میں اچھے طریقے سے سنبھال نہیں سکا۔

2014ء میں مرغی کی ہڈی گلے میں پھنس جانے کی وجہ سے انھیں کئی طرح کے آپریشنز سے گزرنا پڑا۔ اس کے بعد پروسٹیٹ کینسر کی وجہ سے بھی ان کی مختلف سرجریز کی گئیں۔ تاہم ان کی حالت نہ سنبھل سکی۔ دنیائے باکسنگ کی تاریخ میں اپنا نام رقم کرنے کا والا ستارہ بھی بالاخر 2021ء میں ڈوب گیا۔