راولپنڈی: دو میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلنے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت ہوا۔
مہمان ٹیم کے سلامی بلے باز تمیم اقبال اور سیف حسن شاہین شاہ اور محمد عباس کی نپی تلی گیند بازی کے آگے ڈھیر ہو گئے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان مومن الحق اور نجم الحسن شانٹو کے مابین 59 رنز کا شراکت داری قائم ہوئی تاہم شاہین شاہ کی باہر جاتی ہوئی گیند پر مومن الحق 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
قومی ٹیم میں کپتان اظہر علی، شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پچ اچھی ہے جس کا فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سلامی بلے باز عابد علی بہترین فارم میں ہیں ان کی مکمل سپورٹ کریں گے، ٹیم میں فاسٹ بائولر اہم کردارادا کرسکتے ہیں، کوشش کریں گے بنگلہ دیش کو جلد آوَٹ کریں۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مومن الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ جیتنے کےلیے پرعزم ہیں،ہماری بیٹنگ لائن بہت اچھی ہے۔ ٹیم میں شامل نئے کھلاڑیوں کےلیےبہترین موقع ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 16 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے جا رہی ہے جبکہ مجموعی طور پر مہمان ٹیم پاکستان میں محض پانچ ٹیسٹ کھیل چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ بارش سے متاثر ہونے کے امکان کم ہیں، آج کے دن جڑواں شہروں کا موسم خشک اور سرد رہے گا۔