شبر زیدی صحت یاب نہ ہوئے تو ان کا متبادل دیکھنا پڑے گا، مشیر خزانہ

10:43 AM, 7 Feb, 2020

لاہور: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کے جلد صحت یاب نہ ہونے کی صورت میں ان کا متبادل لانے کا اشارہ دے دیا۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہا کہ منی بجٹ لائے جانے اور ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کے جلد صحت یاب نہ ہونے کی صورت میں ان کا متبادل لانا پڑے گا۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی واقعی بیمار ہیں، ہماری خواہش ہے کہ وہ جلد تندرُست ہو جائیں لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو ان کا متبادل لانا پڑے گا۔

ٹیکس اہداف پورے نہ ہونے کی صورت میں منی بجٹ لائے جانے سے متعلق سوال پر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ منی بجٹ کا لفظ بہت متنازع ہو گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی مینجمنٹ ضروری ہوتی ہے اور یہ ایک مسلسل عمل ہے، ایسا نہیں ہوتا کہ ایک بار بجٹ بنا کر پھر اس میں تبدیلی نہ ہو۔

واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کی طبیعت ناساز ہے جس کے باعث انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرکی مشاورت کے بعد وہ چھیٹوں پر ہیں۔

شبر زیدی نے کراچی جانے سے پہلے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو آگاہ کیا تھا، خراب صحت اور دباؤ کے باعث مستقبل میں شبر زیدی کے کام جاری رکھنے کے امکانات کم ہیں۔

مزیدخبریں