اسلام آباد :اسلام آباد ہائی کورٹ نے صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی نا اہلی کے لئے دائر درخواست پر سماعت 2اپریل تک ملتوی کر دی ۔
عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے راجہ بشارت کی مبینہ اہلیہ سیمل راجہ کی درخواست پر سماعت کی تو اس موقع پر درخواست گزار اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئی ۔
سماعت کے دوران عدالت نے راجہ بشارت کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کس کی نمائندگی کریں گے۔ مرتضٰی مغل ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ وہ راجہ بشارت کی نمائندگی کر یں گے ۔
فاضل جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ موصول ہوگئی ہے الیکشن کمیشن اور راجہ بشارت کا جواب باقی رہتا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کو دوبارہ نوٹس بھیجا جائے۔
سماعت کے دوران فریقین کے وکلا ءنے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگا جس پر عدالت نے وکلاءکی استدعا منظور کر تے ہوئے کیس کی سماعت 2اپریل تک ملتوی کر دی ۔