ممبئی: گزشتہ برس اذان کو شور قرار دینے والے بھارتی گلوکار سونو نگم کو ایک مرتبہ پھر جان سے مارنے دھمکیاں ملنے کے بعد سیکیورٹی بڑھادی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹرا انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ نے ممبئی پولیس کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سونونگم کی سیکیورٹی بڑھائی جائے کیونکہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کے مشیر نے پولیس کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سونو نگم چند عناصر کے نشانے پر ہیں اور انہیں عوامی مقامات، کسی تقریب یا تشہیری سرگرمی کے دوران نشانہ بنایا جاسکتا ہے لہٰذا ان کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔
انٹیلی جنس کی ہدایات ملنے کے بعد ممبئی پولیس نے گلوکار کو ناصرف اسپیشل سیکیورٹی فراہم کی ہے بلکہ ان کی حفاظت کو تمام معاملات پر ترجیح دی ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا میں یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ سونو نگم نے گزشتہ برس اذان مخالف ٹوئٹس کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی تھی ہوسکتا ہے اسی معاملے کی وجہ سے انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہوں۔