مشاہد حسین سید سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے

مشاہد حسین سید سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے

اسلام آباد: ن لیگ میں شمولیت کے بعد مشاہد حسین سید سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ن لیگ میں شمولیت کے بعد مشاہد حسین نے استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو بھجوایا تھا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے بھی مشاہد حسین کا استعفی موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب وہ ن لیگ کے ٹکٹ پر سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے اس سے قبل مشاہد حسین ق لیگ کی ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں مشاہد حسین سید نے جاتی امراء پہنچ کر سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے نواز شریف کی دعوت پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔

واضح رہے کہ مشاہد حسین سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہہ کر مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو گئے تھے۔ اس عرصہ کے دوران وہ بطور سینیٹر ملکی سیاست میں کردار ادا کرتے رہے اور مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکرٹری کے طور پر وہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہی کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے ۔

گزشتہ سال دسمبر کے اختتام پر پاکستان مسلم لیگ (ق) نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر سینیٹر مشاہد حسین سید کو ایوانِ بالا میں پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے ہٹا دیا تھا۔ اس کے بعد انہیں مسلم لیگ (ق) کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا تھا۔

مسلم لیگ (ق) نے مشاہد حسین سید کی جگہ بلوچستان سے نامزد سینیٹر سعید الحسن مندوخیل کو نیا پارلیمانی لیڈر نامزد کیا جبکہ طارق بشیر چیمہ کو نیا سیکریٹری جنرل بنایا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں