ایبٹ آباد : عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان قتل کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت ایبٹ آباد کے تحت ہری پور سینٹرل جیل میں کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔مشال خان کے بھائی نے امید ظاہر کی ہے کہ انہیں عدالت سے انصاف ملے گا اور ان کے بھائی کے قاتلوں کو سزا ملے گی۔
خیال رہے کہ عبدالولی خان یونی ورسٹی میں 13 اپریل کو جرنلزم کے 23 سالہ طالب علم مشال خان کو مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کر دیا تھا۔کیس میں 61 نامزد ملزمان میں سے 58 گرفتار ہیں، ان میں فائرنگ کا اعتراف کرنے والا ملزم عمران بھی شامل ہے۔
جبکہ ہری پور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج فضل سبحان نے مشال خان قتل کیس کا فیصلہ گزشتہ ماہ 27 جنوری کو محفوظ کیا تھا۔اس کیس میں ستمبر2017 سے جنوری 2018 تک 25 سماعتیں ہوئیں جن میں 68 گواہ پیش ہوئے۔