راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) حملہ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت 25 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
یہ وارنٹ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جاری کیے۔ عدالت نے سی پی او راولپنڈی کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات دے دیے ہیں اور ان سے کہا ہے کہ انہیں 10 دسمبر کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
وارنٹ گرفتاری میں کون شامل ہیں؟
ملزمان میں علی امین گنڈا پور کے علاوہ شبلی فراز، شہریار آفریدی، زین قریشی، کنول شوذب، طاہر صادق اور تیمور مسعود ملک بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ 5 دسمبر کو 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سمیت 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد سیاسی منظرنامے میں ایک اور ہلچل دیکھنے میں آ رہی ہے۔