بھارت کا پاکستان نہ آنا سمجھ سے بالاتر ہے:شاہد خان آفریدی

بھارت کا پاکستان نہ آنا سمجھ سے بالاتر ہے:شاہد خان آفریدی

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اہم کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی یا تو پیسوں پر توجہ دے یا پھر کرکٹ کی بہتری کے لیے اقدامات کرے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے کرکٹ کی بہتری کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بھارت پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیوں کرتا ہے اور آئی سی سی کیوں اس معاملے میں فیصلہ نہیں کر پا رہا۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ دنیا کے مختلف حالات کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ کھیلنے کے لیے دیگر ممالک گئی ہے۔ ان کے مطابق بھارت کا پاکستان نہ آنا اور آئی سی سی کا فیصلہ نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

شاہد آفریدی نے باؤنسی وکٹز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤنسی وکٹز اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے صائم ایوب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ تینوں فارمیٹس میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔

آخر میں شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف میچز کے دوران کھلاڑیوں کو موقع دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو مناسب وقت پر آرام دینا ضروری ہے تاکہ وہ اچھی پرفارمنس کے لیے تیار رہ سکیں۔