اسلام آباد:گلوکار عاصم اظہر نے مستقبل میں اداکاری کے شعبے میں قدم رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ پہلے ایک شعبے میں شہرت حاصل کریں، پھر دوسرے شعبے میں کام کریں۔
کراچی آرٹس کونسل کے تحت منعقدہ سترہویں اردو کانفرنس کے ایک سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عاصم اظہر نے اداکاری کو ایک مشکل کام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمرے کے سامنے ڈائیلاگ بولنا اداکاری کا ایک چھوٹا حصہ ہے، جبکہ اس کا بڑا حصہ کیمرے کے پیچھے کی محنت پر مبنی ہوتا ہے۔
عاصم اظہر نے عاطف اسلم کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ عاطف اسلم نے گلوکاری میں کئی کامیابیاں حاصل کرنے کے بعد اداکاری کا رخ اختیار کیا۔ ان کے مطابق عاطف اسلم نے دونوں شعبوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔
عاصم اظہر نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ اداکاری مشکل کام ہے، اور بغیر تربیت اور تعلیم کے اس شعبے میں قدم نہیں رکھیں گے۔
اسی سیشن کے دوران انہوں نے اداکار ہمایوں سعید کی بھی تعریف کی اور انہیں اداکاری کا استاد اور "یونیورسٹی" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمایوں سعید کے سامنے اداکاری کے حوالے سے بات کرنے سے بھی ہچکچاتے ہیں۔