آئی سی سی میٹنگ ملتوی، قوم کو مایوس نہیں کریں گے:محسن نقوی

05:55 PM, 7 Dec, 2024

لاہور:وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر آئی سی سی کی آج ہونے والی میٹنگ ملتوی ہو گئی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی کوئی حتمی فیصلہ ہوگا، قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے اور توقعات سے بڑھ کر نتائج سامنے آئیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملک بھر کے گراؤنڈز کی حالت بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے۔ جہاں گراؤنڈز موجود نہیں، وہاں زمین خرید کر گراؤنڈز بنائے جائیں گے۔ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معیاری کھلاڑی سامنے آئیں گے۔

انہوں نے پشاور اسٹیڈیم کی جلد تکمیل کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان شہروں میں بھی ٹورنامنٹس کروانے کی کوشش کریں گے جہاں پہلے ایسے ایونٹس نہیں ہوئے۔

چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی میٹنگ کے دوران کسی ایسی شرط پر بات نہیں کی جا سکتی جو قبل از وقت ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی کرکٹ کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئی سی سی کو نقصان ہوا تو اس کا اثر دنیا بھر کی کرکٹ پر پڑے گا، تاہم معاملات میں بہتری کی امید ہے۔
 

مزیدخبریں