اسلام آباد: ڈی جی نیب میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم کا تبادلہ کر دیا گیا۔۔ شہزاد سلیم کو ڈی جی نیشنل ٹیلنٹ پول تعینات کر دیا گیا۔
میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم تین سال کے لیے نئے ڈی جی کی تعیناتی تک فرائض ادا کریں گے۔ ڈی جی نیشنل ٹیلنٹ پول کے عہدے کو گریڈ 20 سے 21 میں ترقی دے دی گئی ہے جس کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
خیال رہے شہزاد سلیم نے اپریل 2017میں ڈی جی نیب لاہور کے عہدے کا چارج سنبھالا،چار سال آٹھ ماہ تعیناتی کے دوران شہزاد سلیم کی پرفارمنس مثالی رہی، بطور ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے 4 سال کے دوران 148 ارب روپے کے کیسز میں اثاثہ جات کی ریکوری کرائی،نیب لاہور کی 22 ڈائریکٹ ریکوری کیسز میں 70 ارب روپے کی ریکوری ہوئی۔جبکہ 23 ان ڈائریکٹ کیسز میں78 ارب روپے کی ریکوری کو یقینی بنای۔
شہزاد سلیم کی تعیناتی کے دوران نیب لاہور نے ملکی تاریخ کی بڑی گرفتاریاں یقینی بنائیں، جن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، اپوزیشن رہنما شہباز شریف، نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز ، حمزہ شہباز،عبدالعلیم خان، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف ، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت دیگر اہم نام شامل ہیں۔