میرپور: بنگلادیش نے بھارت کو مسلسل دوسرے ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
بنگلادیش کے شہر میرپور میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 271 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 69 کے اسکور پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔ ایسے میں محموداللہ اور مہدی حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور 217 رنز تک لے گئے پھر محمود اللہ 96 گیندوں پر 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے اینڈ سے مہدی حسن نے شاندار بیٹنگ کو جاری رکھا اور کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، ان کا ساتھ نصم احمد نے دیا۔
مہدی حسن نے 83 گیندوں پر ناقابل شکست 100 جبکہ نصم احمد نے 18 رنز کی اننگز کھیلی، یوں بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔
بنگلادیش کے 272 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا، کپتان شرما روہت کی میچ میں انجری کے باعث ویرات کوہلی شیکھر دھون کے ساتھ اوپنر آئے، لیکن صرف7 رن کے مجموعی اسکور پر کوہلی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے علاوہ دھون 8 ،سندر 11 اور کے ایل راہول 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ایسے میں شریاس ائیر اور اکشر پٹیل نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور بھارت کو جیت کی امید دلائی۔
لیکن پھر شریاس ائیر 82 اور اکشر پٹیل 56 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے، جب بھارت کو مشکلات کا سامنا تھا ایسے میں میچ میں زخمی ہونے والے کپتان روہت شرما بیٹنگ کرنے آئے ۔
انہوں نے انگوٹھا زخمی ہونے کے باوجود 28 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی پر وہ بھی ٹیم کو جیت نہ دلواسکی، بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 266 رنز بنائے۔
بنگلادیش کے عبادت حسین نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جبکہ مہدی حسن مرزا اور شکیب الحسن کی 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔