لیہ : وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ہم اندھیرے دور کرنے اور روشنی لانے والے ہیں جبکہ پاکستان میں مہنگی بجلی کی تکلیف کا حل بھی ہم ہی نکالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لیہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ سب کیلئے یہی خبر ہے کہ اللہ کی زمین تنگ نہیں ہے، بجلی بنانے والے تمام کارخانے باہر سے آنے والے تیل پر نہیں ہوں گے بلکہ ہم سولر سے بجلی بنانے کے ساتھ ساتھ پانی اور کوئلے سے بھی بجلی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگی بجلی کی تکلیف کا حل بھی ہم ہی نکالیں گے اور ہمارے پلانٹ سستی بجلی پیدا کریں گے، ہم اندھیرے دور کرنے اور روشنی لانے والے ہیں اور ہم نے پاکستان کو جدید دنیا کے ساتھ ملانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوادر سے خنجراب تک جو بھی ترقی نظر آئے گی وہ میاں نوازشریف کی پالیسیاں ہیں، رکھ چوبارہ میں ایک نئی بستی آباد ہوئی ہے اور آپ اپنا مستقبل اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔