فوری انتخابات چاہتے ہیں ،لوگ حکومت کے خاتمے کی دعائیں کر رہے ہیں: پی ڈی ایم

05:17 PM, 7 Dec, 2021

اسلام آباد: پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ ملک میں فوری شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔ عوام کو اسلام آباد لانے کیلئے ہمارے پاس تین مہینے ہیں۔ 23 مارچ کا لانگ مارچ ہر حال میں ہوگا۔ لوگ موجودہ حکومت سے چھٹکارے کیلئے دعائیں کر رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پی ڈی ایم کی اسٹیرینگ کمیٹی کا اجلاس اسلام اباد میں ہوا ۔اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں  ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ  نے کہا کہ اجلاس میں پی ڈی ایم مارچ کے لئے سفارشات اور تجاویز مرتب  کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے طریقہ کار اور اسٹریٹیجی پر بات ہوئی ۔لانگ مارچ اسلام آباد پہنچانے کیلئے ہمارے پاس 3 مہینے ہیں ۔عوام کو ہم موبلائز کرسکتے ہیں ۔ چاروں صوبوں میں کنونشن ہونگے ۔کراچی، کوئٹہ، پشاور اور لاہور میں کنونشن ہونگے۔ 

حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف پنجاب میں پی ڈی ایم کا اجلاس طلب کرینگے ۔ اسی اجلاس میں تاریخی فیصلے کیے جائیں گے ۔ کراچی کے لانگ مارچ کیلئے  شاہ اویس نورانی  کی ذمہ داری لگائی گئی ہے ۔شاہ اویس نورانی صوبہ سندھ کی تاریخ بتائیں گے۔

کوئٹہ میں کنونشن کی زمہ داری محمود خان اچکزئی کے سپرد کی گئی ہے۔کنونشن کی تاریخیں صوبوں کی مشاورت سے بتائی جائیں گی ۔

خیبر پختونخوا میں پشاور میں کنونشن ہوگا جس کی ذمہ داری مولانا فضل الرحمان نے لی ہے ۔اسلام آباد میں مرکزی کنونشن کی ذمہ داری بھی مولانا فضل الرحمان نے لی ہے ۔ مولانا فضل الرحمان وکلا اور بار کونسلز سے گفتگو کرینگے ۔

اسلام آباد کے کنونشن میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ شریک ہونگے ۔ سول سوسائٹی، صحافی، طلبہ سمیت ہر خاص و عام کو شرکت کی دعوت دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صورت میں ایک وبا ملک پر مسلط ہوئی ہے ۔ ملک کی معیشت تباہ ہوگئی،لوگ دعائیں مانگ رہے ہیں کہ حکومت ختم ہوجائے ۔

حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ نہ نیا پاکستان نظر آرہا ہے اور نہ پرانا، پی ڈی ایم قوم اور غریبوں کی آواز ہے ۔ موجودہ کرپٹ اور مسلط سسٹم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی،ملک میں صاف و شفاف و غیر جانبدار الیکشن چاہتے ہیں ۔عدلیہ، مقننہ، انتظامہ اور اسٹیبلشمنٹ اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے۔ 

مزیدخبریں