"توہین کا الزام لگا کر جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے، کوئی وکیل ملتا ہے نہ جج فیصلہ کرتا ہے"

04:41 PM, 7 Dec, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ملک عدنان جیسے لوگ رول ماڈل ہوتے ہیں۔ دین اسلام کے نام پر جنہوں نے ظلم کیا ان کو نہیں چھوڑیں گے۔ 

آنجہانی پریانتھا کمارا کی یاد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا لوگوں پر توہین کے الزام لگا کر جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔ نہ اسے کوئی وکیل ملتا ہے اور نہ ہی کوئی جج فیصلہ کرتا ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پورے پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے واقعات نہیں ہونے دیں گے۔ خود ہی الزام لگایا اور خود ہی قتل کردیا ایسا کس معاشرے میں ہوتا ہے۔ جنہوں نے ظلم کیا ان کو نہیں چھوڑیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام تلوار کے ساتھ نہیں پھیلا بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام امن تھا۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے سری لنکن شہری کی فیملی کو ایک لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ انہوں نے کہا ہے پریانتھا کی ہر ماہ جتنی تنخواہ وہ بھی ان کو ادا کی جائے گی۔ 

مزیدخبریں