فیصل آباد میں کاغذ چننے کے لئے آنے والی خواتین پر تشدد، ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل

فیصل آباد میں کاغذ چننے کے لئے آنے والی خواتین پر تشدد، ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل

فیصل آباد: ملت ٹاؤن کے علاقے میں کاغذ چننے کے لئے آنے والی خواتین کو دکانداروں نے تشدد کا نشانہ بناڈالا، غیراخلاقی ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پروائرل کردیں ۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقےملت ٹاؤن میں کاغذ چننے کے لئے آنے والی خواتین کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔

پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ خواتین نے تھانے میں درخواست دی ہے کہ وہ ملت ٹاؤن کے علاقے میں کاغذ چننے کے لیے گئی تھیں جہاں چاروں خواتین پانی پینے کے لیے ایک الیکٹرک اسٹور میں داخل ہو ئیں۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ  الیکٹرک اسٹور کے مالک صدام اور تین ملازمین نے انہیں چوری کے الزام میں یرغمال بنا لیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتے رہے، اس دوران مزید افراد بھی وہاں آگئے اور تشد د کے دوران انہیں دکان سے باہر بازار میں لے گئے جہاں انہیں برہنہ کر دیا گیا اور ملزمان برہنہ حالت میں ویڈیو بناتے رہے۔

پولیس کے مطابق مقامی افراد کی جانب سے اطلاع ملنے پر کارروائی کرکے الیکٹرک اسٹور کے مالک سمیت تین ملزمان کو حراست میں لے لیا جب کہ سی پی او فیصل آباد کے حکم پر خواتین کو محبوس بنانے اور تشدد کے الزام میں چار نامزد اور 8 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔