ڈھاکہ: پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی ہے۔ کپتان بابراعظم سب سے زیادہ 76 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم ڈھاکہ میں جاری بارش سے متاثرہ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی۔ کپتان بابراعظم نے 126 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے جبکہ عابد علی 39، عبداللہ شفیق 25، اظہر علی 56، فواد عالم 50 اور محمد رضوان نے 53 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 25 اوورز میں 73 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عبادت حسین اور خالد احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عبداللہ شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، ساجد خان، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کی قیادت مومن الحق کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شادمان اسلام، محمود الحسن جوئے، نجم الحسین شنتو، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، لٹن داس، مہدی حسن، تیج الاسلام، خالد احمد اور عبادت حسین شامل ہیں۔