رانا شمیم کے صاحبزادے نے بیان حلفی سے مکر جانے کی خبروں کی تردید کر دی

11:09 AM, 7 Dec, 2021

اسلام آباد: گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے صاحبزادے احمد حسن نے بیان حلفی سے مکر جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے والد کو علم ہے کہ اگر وہ اپنی بات ثابت نہ کر سکے تو جیل بھی جا سکتے ہیں۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد حسن رانا نے ایک بیان میں کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف بیان دینے والے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم اپنے بیان حلفی پر قائم ہیں جبکہ انہوں نے کمرہ عدالت میں کہا تھا کہ افشا دستاویز کا مشاہدہ نہیں کیا۔
احمد حسن رانا کا کہنا تھا کہ اوتھ کمشنر چارلس گھتری سے اتفاق ہے کہ جسٹس شمیم نے ہوش و حواس میں بیان حلفی پر دستخط کئے اور بیان حلفی پر دستخط کرنے کے نتائج و خطرات سے والد بخوبی آگاہ تھے جبکہ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ اگر اپنی بات ثابت نہ کر سکے تو جیل بھی جا سکتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا تھا کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائیکورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ءکے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔

مزیدخبریں