اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ سے سب کو ان فالو کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان کی ٹویٹر پر فالوئنگ 12 اعشاریہ 9 ملین ہے۔ لیکن عمران خان اس وقت کسی کو بھی فالو نہیں کر رہے ۔ ان کی فالو لسٹ میں سب سے پرانا اکاؤنٹ انکی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ کا تھا اور عمران خان نے انہیں بھی اَن فالو کر دیا جبکہ اس کے علاوہ تمام پارٹی رہنماؤں، وزراء اور قریبی دوستوں کو بھی اَن فالو کر دیا گیا۔ سب کو اَن فالو کرنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی اور نہ ہی وزیراعظم ہاؤس سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان اپنے اس اکاونٹ سے اہم ترین غیر ملکی شخصیات کو فالو کر رہے تھے اور اب اَن فالو کیے جانے والوں میں غیر ملکی اہم ترین شخصیات بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عالمی رہنماوں میں سب سے زیادہ فالوورز کی فہرست میں وزیراعظم عمران خان دسویں نمبر پر ہیں جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دوسرے اور نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن ساتویں نمبر پر ہیں۔