اسلام آباد: حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹرک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اگلے لائحہ عمل کیلئے 8 دسمبر بروز منگل کو ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس کل اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو گزشتہ دنوں عالمی وبا کا شکار ہو گئے تھے ان کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے، اس لئے ان کی شرکت بھی متوقع ہے۔
ان کے علاوہ مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز شریف بھی اجلاس میں شریک ہوں گی۔ اس اہم اجلاس میں حکوم مخالف اتحاد پی ڈی ایم کے 13 دسمبر کے جلسے سے متعلق فیصلے کئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ پی ڈی ایم کے مستقبل کے لائحہ عمل کو بھی حتمی شکل بھی دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفے سمیت دیگر آپشنز بھی زیر غور آئیں گے۔
لاہور جلسے کے بعد جنوری میں اسلام آباد کی طرف مارچ کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں 13 دسمبر کے جلسے کے بعد کے مراحل طے کئے جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز نے لاہور میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب میں کہا تھا کہ ہم حکومت کیخلاف احتجاج کا محاذ کامیابی سے جیت چکے ہیں، صرف اس کا اعلان ہونا باقی ہے، 8 دسمبر کو اہم فیصلوں سے عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر انہوں نے اسمبلی سے استعفوں کا اشارہ دیتے ہوئے اپنے اراکین اسمبلی کو تنبیہ کی تھی کہ وہ کسی کے پریشر میں نہ آئیں اور قیادت کے حکم پر اپنے استعفے پیش کریں۔