پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

PDM's agenda is to hamper development journey: Punjab Chief Minister Usman Bazdar
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام ترقی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں، پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے۔

یہ بات انہوں نے اراکین اسمبلی کی ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس ملاقات میں لاہور کی ترقی اور شہریوں کو مزید سہولتیں دینے کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ منتخب نمائندوں نے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز دیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوامی مسائل حل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے، تاہم پاکستان کے عوام ملک کی ترقی چاہتے ہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن ٹولہ ملکی مفادات کو فراموش کر چکا۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ رسوائی ان عناصر کا مقدر ہے۔ منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے۔ زندہ دلان لاہور کو کرپٹ ٹولہ گمراہ نہیں کر سکتا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کو احتجاج کی کھلی چھوٹ دیتے ہوئے کسی کو اس میں شرکت سے نہیں روکا جائے گا۔ تاہم عالمی وبا کے تناظر میں ایسا کرنا عوام کی زندگیاں داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔ لاہور جلسہ کے منتظمین پر مقدمات درج ہونگے۔

دوسری جانب معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کی حقیقی ترقی کیلئے 60 ارب روپے کے خصوصی پیکج کی منظوری دیدی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار میں شاہی خاندان کے اثاثوں میں تو ترقی ہوئی مگر عوام کو ترقی وخوشحالی سے محروم رکھا گیا۔ بزدار حکومت انہی محرومیوں کو ختم کرنے کیلئے کمربستہ ہے۔