روس نے پاکستان کو ویکسین ''سپوتنک فائیو'' فراہم کرنے کی پیشکش کردی

10:29 AM, 7 Dec, 2020

اسلام آباد: روس نے پاکستان کو عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے اپنے ملک میں تیار کی گئی ویکسین فراہم کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ اس دوا کو ''سپوتنک فائیو'' کا نام دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اس خبر کی تصدیق کی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا غیر ملکی اخبار سے گفتگو میں کہنا تھا کہ یہ پیشکش حال ہی میں کی گئی ہے۔ روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان چاہتا ہے تو اسے یہ دوا فراہم کی جا سکتی ہے۔

زاہد حفیط چودھری کی جانب سے دیئے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے روسی دوا ''سپوتنک فائیو'' کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ وزارت صحت اس سلسلے میں پیشکش پر غور کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر کمپنیوں سے بھی ویکسین خریدنے پر غور وخوض کیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے عالمی وبا کا تدارک کرنے کیلئے بنائی گئی ادویات کا حصول یقینی بنانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ روس نے اپنے ملک میں تیار کی گئی ویکسین کی منظوری دیدی ہے۔ اگست 2020ء میں بنائی گئی اس دوا کو شہریوں کو لگانا شروع کر دیا گیا ہے۔ ''سپوتنک فائیو'' سب سے پہلے طبی عملے اور بزرگ شہریوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل چین، جرمنی اور امریکا کی کمپنیاں بھی عالمی وبا کی دوا سامنے لا چکی ہیں۔ سب سے پہلی کامیابی امریکی فائزر اور اس کے بعد برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کو حاصل ہوئی تھی۔ دونوں کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ ان کی ادویات وبائی مرض کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

برطانیہ بائیوٹیک ویکسین تیار کرنے والا پہلا ملک بننے کی تیاری کر رہا ہے۔ ابتدائی طور پر ویکسین پہلے ہسپتالوں میں فراہم کی جائے گی۔ سعودی عرب نے بھی ادویات تیار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کر دیئے ہیں۔ جلد ہی ویکسین کے لئے رجسٹریشن کے نظام کا اعلان کیا جائے گا۔ 

چین کی تیار کردہ کورونا وائرس ویکسین کی پہلی کھیپ انڈونیشیا پہنچ گئی ہے۔ تاہم عالمی ادارہ صحت نے آگاہ کیا ہے کہ ویکسین کوئی جادوئی گولی نہیں ہے۔

مزیدخبریں