لاہور: ملک بھر میں عالمی وبا سے اموات کی تعداد 37 ہو گئی ہے۔ اموات میں حالیہ اضافے سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزار 398 تک جا پہنچی ہے۔ حکومت کی جانب سے عوام سے بار بار اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ اس موذی مرض کو شکست دی جا سکے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں عالمی وبا اپنے پنجے گاڑ چکی ہے۔ اس وبا کی پہلی لہر کے دوران عوام نے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا تھا جس کی وجہ سے اسے شکست دینے میں کامیاب ہو گئے تھے، تاہم اب ان کی جانب سے ایس او پیز پر عمل نظر نہیں آ رہا جس سے مرض مزید بڑھنے کے خطرات پیدا ہو چکے ہیں۔
اس وقت آزاد کشمیر سے لے کر صوبہ سندھ تک پاکستان کے تمام علاقوں میں عالمی وبا کیسوں کی بھرمار ہے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جس طرح دن بدن کیس بڑھ رہے ہیں، اسی انداز سے ان میں کمی بھی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ صوبہ سندھ 158567، صوبہ پنجاب 99130، خیبر پختونخوا 44167، اسلام آباد 26208، گلگت بلتستان 4468، بلوچستان 16736 اور آزاد کشمیر کے 5698 شہری اس موذی مرض کو شکست دے چکے ہیں۔
اس مرض سے مرنے والوں کے اعدادوشمار پر نظر دوڑائی جائے تو آزاد کشمیر 181، بلوچستان 169، گلگت بلتستان 98، اسلام آباد 340، خیبر پختونخوا 1404، پنجاب 3162 اور صوبہ سندھ کے 3011 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
صوبہ سندھ میں اس وقت 20 ہزار 895، پنجاب 20 ہزار 483، خیبر پختونخوا 3 ہزار 549، اسلام آباد میں 5 ہزار 5866، گلگت بلتستان میں 166، بلوچستان میں 535 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار 477 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔