لاہور: دنیا کی سب سے مشہور ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی ہمشیرہ پاکستان کے گن گانے لگیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ ملک اپنی خواتین کی کتنی عزت اور قدر کرتا ہے۔
ایڈ ایشیا 2019ء کا تیسرا اور آخری روز فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی ہمشیرہ رینڈی زکربرگ کے نام رہا، جنہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان کی بے حد تعریف کرتے ہوئے اسے دوستانہ ملک قرار دیا۔
اپنے ایک گھنٹے دورانیے کے خطاب میں رینڈی زکربرگ نے تمام حاضرین کو مبہوت کیے رکھا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیں ملالہ یوسفزئی اور بینظیر بھٹو جیسی خواتین دیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ملک اپنی خواتین کی کتنی عزت اور قدر کرتا ہے۔
فیس بک بانی مارک زکربرگ کی ہمشیرہ نے انکشاف کیا کہ وہ کرکٹ کی دلدادہ ہیں اور یہ جان کر حیران ہیں کہ پاکستان دنیا بھر میں فٹبال برآمد کرنے والا ملک بھی ہے۔
اپنے بچپن کے بارے میں بات کرتے ہوئے رینڈی زکربرگ نے کہا کہ انھیں گلوکاری کا بہت شوق تھا اور آرٹ کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھیں لیکن والدین کی خواہش تھی کہ میں ہارورڈ یونیورسٹی جاؤں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گریجویشن کے بعد وہ ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی میں کام کرنے کیلئے کیلفورنیا سے نیویارک بھی گئیں۔
رینڈی زکربرگ نے بتایا کہ جب میں نے نیویارک میں سکونت اختیار کی تو مجھے میرے بھائی مارک زکربرگ کا فون آیا، جنہوں نے مجھ سے سلیکون ویلی واپس آنے کی درخواست کی تا کہ میں مارکیٹنگ کے شعبے میں ان کی مدد کر سکوں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے فیس بک کی شروعات کی تو اس وقت ہماری ٹیم میں صرف 12 ارکان تھے لیکن آج ہماری کمپنی کے 102 دفاتر ہیں جن میں ہزاروں لوگ کام کرتے ہیں۔
اپنے میوزک کے شوق کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسی سے انھیں لائیو فیس بک بینڈ لانچ کیا لیکن ابتدا میں اسے صرف دو ناظرین ملے جو کہ میرے والدین تھے۔ تاہم ایک ہفتے بعد ہی ایک بہت ہی مشہور گلوکارہ نے لائیو پرفارم کرنے کی فرمائش کی، پہلے پہل تو میں اسے مذاق سمجھی لیکن انہوں نے واقعی اپنی بات سچ ثابت کی اور فیس بک پر لائیو پرفارم کیا۔ اس کے بعد بہت سی شخصیات نے اس کو دہرایا اور اسے کامیاب کردیا۔ رینڈی زکربرگ نے کہا کہ اس کے چند ماہ بعد سابق صدر باراک اوباما نے عوام سے رابطے کیلئے فیس بک لائیو پر آنے کی خواہش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سی کامیابیاں سمیٹنے کے بعد انہوں نے فیس بک کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ خواتین کی بہبود کیلئے کچھ کرنا چاہتی تھیں۔