لندن: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اندر بغض بھرا ہوا ہے۔
شہباز شریف کا لندن میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میں نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ نیازی نیب گٹھ جوڑ جاری ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کسی طرح اپوزیشن کو ملیا میٹ کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اندر اپوزیشن کے خلاف بغض بھرا ہوا ہے۔ انھیں ذرا بھی احساس نہیں کہ پاکستان کے مسائل کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین کے حوالے سے پی ٹی آئی حکومت نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں لندن میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ انھیں حکومت کا کوئی بھار نہیں، ایسے شخص سے کوئی بات نہیں ہو سکتی جو ابھی تک اپوزیشن کیخلاف دشنام طرازی کرتے ہیں۔ عمران خان سے جتنی جلدی جان چھڑا لی جائے اتنا ہی بہتر ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اور رمضان شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست نیب کی جانب سے واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔ نیب نے ضمانت منسوخی کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔