پاکستان اب کبھی پراکسی وار کا حصہ نہیں بنے گا، عمران خان

09:32 PM, 7 Dec, 2018

اسلام آباد: پاکستان کرائے پر لی گئی بندوق نہیں، امریکا کی جنگ لڑ کر بہت نقصان اٹھا لیا، اب وہی ہو گا جو پاکستان کیلئے بہتر ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق، بلوچستان سے تعلق رکھنےو الے طلبا سے خطاب میں  وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے امریکا کی جنگ لڑ کر بہت نقصان اٹھا لیا اب سے ہم وہی کریں گے جو پاکستان کیلئے بہتر ہو گا ۔ہم کوئی کرائے کی بندوق نہیں ہیں جو امریکا کے ہاتھوں استعمال ہوتے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب کبھی پراکسی وار کا حصہ نہیں بنے گا۔ یہ تاثر دینا کہ ہم پراکسی وار کے بغیر سروائیو نہیں کر سکتے یہ غلط ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو ٹوئٹر پر جواب دینے کا مقصد یہ تھا کہ وہ اپنا ریکارڈ درست کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ الزام تراشی کی ہے ہم الزام تراشی والے تعلقات نہیں بلکہ امریکا سے چین جیسے تعلقات چاہتے ہیں ۔امریکا پاکستان کو بطورِ ہتھیار استعمال کرے یہ بات ہمیں قبول نہیں ہے ۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈرون حملوں کو پاکستان کی خود مختاری کیخلاف قرار دیا انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں ایک دہشت گرد ، دس دوست اور ہمسائے مرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کونسا ایسا ملک ہے جو اپنے اتحادی پر بم پھینکے ۔ عمران خان نے امریکا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا افغانستان سے نکلنے میں جلد بازی نہ کرے ۔

مزیدخبریں