نئی دہلی : بھارت نے کرتارپور کوریڈور کے حوالے سے پاکستان کو اپنا وعدہ پورا کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ہمسایہ ملک مذہبی مسئلے کو سیاست کی نذر کرنے سے باز رہے ۔
بھارتی وزارت خارجہ امور کے ترجمان راویش کمار نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کرتارپور بارڈر کے مسئلے کو سیاست کا رنگ دینا افسوسناک ہے ، کرتارپور کوریڈور کو کھولنے کا سکھ کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا جس پر عمل کے لیے بھارتی حکومت نے پاکستان پر عملدرآمد کے لیے زور دیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کرتارپور کوریڈور کے حوالے سے اپنے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کرے اور مذہبی مسئلے کو سیاسی رنگ دینے سے باز رہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ پاکستان کرتارپور کوریڈرو کو کھولنے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات میں دیر نہیں لگائے گا۔
واضح رہے کہ یونین منسٹر بادل اور ہردیپ سنگھ پوری اور پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان میں 28 نومبر کو ہونے والی کرتارپور بارڈر کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
کوریڈور کی مدد سے پاکستان کے شہر نارووال میں کرتارپور دربار صاحب کے مزار کو بھارت میں ڈیرہ بابا نانک گرداسپور کے ساتھ جوڑا جائے گا۔کوریڈور مکمل ہونے سے پاکستان اور بھارت میں رہائش پذیر سکھ کمیونٹی کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں آسانی ہوگی ، دونوں طرف سے سکھ یاتری ایک دوسرے کے ملک میں قائم مذہبی مقامات کی زیارت کو یقینی بنا سکیں گے۔