سعودی شہری کی 30 سال تک روزانہ مریضوں کی عیادت کرنے کی انوکھی کہانی

سعودی شہری کی 30 سال تک روزانہ مریضوں کی عیادت کرنے کی انوکھی کہانی

ریاض: ہسپتال جانے سے ویسے تو ہر  شخص ڈرتا ہے، لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے شخص کی انوکھی کہانی کے بارے میں بتائیں گے جو پچھلے تیس سالوں سے ہر روز ہسپتال جا تا ہے۔


سعودی عرب میں ایک  ایسا شخص ہے جو  تیس سالوں سے روزانہ کی بنیاد پر  مریضوں کے ساتھ ٹائم گزارنے کے لیے ہسپتال جارہاہے۔ علی ابراہیم ال موسیٰ نامی شخص  بڑھاپے میں بھی کبھی ہاٹاٹ سُدیر  ہسپتال جانے میں  چھٹی نہیں کرتا۔  


العریبہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ موسیٰ نامی یہ شخص ہسپتال انتطامیہ کے لیے جانا پہنچانا  نا م ہے، جو روزانہ  ہسپتال میں مریضوں کی صحت دریافت کرتا ہے، انہیں کمپنی دیتا ہے اور  جلد صحت یابی کےلئے دعا بھی کرتا ہے۔


موسیٰ کے بیٹے نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا   کہ اس کا باپ میڈیکل کے بارے میں کچھ نہیں جانتا،  وہ پیشے کے لحاظ سے ایک کسان ہے۔ ہسپتال انتطامیہ اس کے والد کے آنے جانے پر تعاون کرتی ہے، وہ روزانہ اپنے والد کو  ہسپتال چھوڑنے اور واپس لینے جاتا ہے۔


مریضوں کے ساتھ شفقت سے پیش آنے اور ان کا خیال رکھنے پر ہسپتال انتظامیہ نے اس بزرگ کو میڈل بھی دے رکھا ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس منفرد طریقے سے مریضوں کی خدمت پر بزرگ خراج تحسین کامستحق ہے۔ اس نیک کام کی وجہ سےیہ شخص پورے ہسپتال کے مریضوں میں بہت مشہور ہے۔


موسیٰ نے مزید بتایا   کہ وہ ایسا مریضوں کی حوصلہ افزائی کے لیےاور جلد صحت یابی کی امید دلانے کے لیے کرتا  ہے۔ وہ مریضوں کو بتاتا  ہے  کہ اللہ نے جیسے دوسرے لوگوں کو شفا ءدی ویسے ان کو  بھی شفاءدے گا۔