ابوظہبی:بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو یو اے ای کی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے ، میکا کو گزشتہ روز غیرملکی ماڈل کو ہراساں کرنے کے الزام پر گرفتار کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو متحدہ عرب امارات کی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے ، بھارتی گلوکار کو جمعرات کی شب برازیلی ماڈل کو جنسی ہراساں کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا ۔
گزشتہ روز بھارتی سفیر نے میکا سنگھ کی گرفتاری کے معاملے پر پولیس ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا تھا جس کے بعد بھارتی گلوکار کی رہائی عمل میں آئی ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی گلوکار میکا سنگھ جنسی ہراسگی کے الزامات پر خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں ، اس سے قبل بھی ان پر راکھی ساونت کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد ہو چکا ہے ۔